کاروار 16/ جولائی (ایس او نیوز) سوشیل میڈیا پر بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف کوئی مسیج پوسٹ کرنے پر تفتیش کے بہانے پولیس اسٹیشن میں طلب کرکے مارپیٹ کیے جانے کا الزام کانگریسی کارکن اجئے سیگلی کی طرف سے سامنے آنے پر لیجیسلیٹیو کاونسل کے رکن بی کے ہری پرساد اور سابق رکن اسمبلی ستیش سائل کی قیادت میں کانگریسی کارکنان نے سٹی پولیس اسٹیشن کا گھیراو کیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی ایس سی مورچہ کے صدر اودئے بشیٹّی کی طرف سے پولیس میں شکایت درج کی گئی تھی کہ اجئے سیگلی نے ایم ایل اے کے خلاف ہتک آمیز مسیج پوسٹ کیا ہے ۔ اجئے کا الزام ہے کہ اسے تفتیش کے بلانے کے بعد پی ایس آئی سنتوش کمار نے مارا پیٹا ہے اور گالی کلوچ کرتے ہوئے اس کی تذلیل کی ہے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے بی کے ہری پرساد نے کہا کہ اجئے سیگلی پر بلا وجہ کیس داخل کیا گیا ہے۔ پولیس سب انسپکٹر نے قانونی چوکھٹ میں اقدام کرنے کے بجائے اجئے پر ظلم و ستم اور حملہ کیا ہے ۔ پولیس افسران کو سیاسی لیڈران کے ساتھ نہیں بلکہ ملک کے دستور اور قومی جھنڈے کے ساتھ اپنی عقیدت کا اظہار کرنا چاہِیے ۔ اس طرح کا ظلم و ستم دہلی سے لے کر بنگلورو تک چلا ہوا ہے ۔ پی ایس آئی کے خلاف اعلیٰ افسران کی طرف سے کارروائی کی جانی چاہیے ۔ اس ضمن میں ڈی جی پی اور ہوم منسٹر کے پاس بھی شکایت درج کی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف اٹھنے والی آواز کو دبایا جارہا ہے۔ اس معاملے کی پوری تحقیقات ہونی چاہیے۔ مقامی ایم ایل اے کے دباو کے آگے پولیس کا اس طرح جھکنا غلط بات ہے ۔ کانگریس پارٹی اس کی سخت مذمت کرتی ہے ۔